اہم

’ہائبرڈ نظام کی کامیابی میں ہی ہماری نجات ہے‘، وزیر دفاع نے فوجی ترجمان کی تائید کر دی

اگست 2, 2026

’ہائبرڈ نظام کی کامیابی میں ہی ہماری نجات ہے‘، وزیر دفاع نے فوجی ترجمان کی تائید کر دی

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیاسی وجوہات کی بنیاد پر مختلف سیاسی حکومتوں نے اس طرح دہشتگردی کے خطرے کا مقابلہ نہیں کیا جیسے فوج کر رہی ہے۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام میں‌ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ ہائبرڈ نظام کی کامیابی میں ہی ہماری موجودہ حالت سے نجات ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ لیکن اگر ایک یوٹوپین یعنی مثالی نظریے یا مقصد کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اسے ہائبرد نظام کے راستے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

جب ان سے وزیرِ داخلہ کے اس بیان کے بارے میں‌ پوچھا گیا کہ موجودہ نظام اگلے دس برس میں بھی نتائج نہیں دے سکتا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ محسن نقوی کی ذاتی رائے ہے۔

دوسری جانب سنیچر کی شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے لکھا کہ وہ ذاتی طور پر فوجی ترجمان کی آرا سے بڑی حد تک اتفاق کرتے ہیں، تاہم نظام میں بنیادی تبدیلی کے لیے آئینی اداروں کو مرکزی کردار دیا جانا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نظام کا ارتقائی عمل کئی دہائیوں سے گروہی اور ذاتی مفادات کے زیرِ اثر رہا ہے اور اسے ان اثرات سے آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے طنزیہ انداز میں‌ لکھا کہ محسن نقوی کو سسٹم میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کرنا چاہیے اور یہ کہ پارلیمان اور کابینہ جیسے آئینی اداروں کو پسِ منظر میں رکھ کر کاروباری برادری کے سامنے اس نوعیت کے خیالات کا اظہار اتنا مؤثر نہیں جتنا متعلقہ آئینی فورمز پر گفتگو ہو سکتی ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے جمعے کی شب خواجہ آصف نے وزیر داخلہ کے بیان کو سیاسی قرار دیا تھا تاہم جب اگلے دن ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں‌ بھی لگ بھگ وہی باتیں‌ کیں‌ تو وزیر دفاع نے فوجی ترجمان کے بیان کی مکمل تائید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی اس بات کی مکمل تائید کرتے ہیں کہ ملک کی سکیورٹی فورسز تو دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے لیکن سویلین انفراسٹرکچر اس طرح سے کمٹمنٹ کا اظہار نہیں کر رہا جیسے آج سے بارہ، تیرہ سال قبل کیا گیا۔

خواجہ آصف نے محسن نقوی سے قبل اپنی کابینہ کے ساتھی وزیر عبدالعلیم خان پر بھی طنز و تنقید کی تھی جس کا اُن کی پارٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جواب دیا گیا تھا-

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کشمیر کے الیکشن میں‌ پاکستان کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا-

اس کے جواب میں خواجہ آصف نے اُن کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے