پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 13 ہلاک
براعظم جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
مقامی میڈیا اور حکام کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
طیارہ سنیچر کو نازکا لائنز کے آثارِ قدیمہ کے مقام کے اوپر پرواز کر رہا تھا جب حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے میں 11 مسافر اور دو پائلٹ سوار تھے۔
حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
نازکا لائنز جنوبی پیرو میں واقع ایک مقبول سیاحتی مقام اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل جگہ ہے۔ یہاں صحرائی ریت پر بنائی گئی قدیم نقش نگاری موجود ہے۔
یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے پیوبلو ویخو کے علاقے میں پیش آیا۔ طیارے نے پیرو کے شہر پسکو کے ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی۔

