کشمیر میں کشیدہ صورتحال کے دوران انتخابات کا دوسرا مرحلہ، مظفرآباد میں سڑکیں بند
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں دارالحکومت مظفر آباد ڈویژن کے آٹھ حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 27 (مظفر آباد ون) میں لینڈ سلائیڈنگ اور بارش کے باعث پولنگ موخر کی گئی ہے۔ تاہم مقامی صحافیوں کے مطابق شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور گزشتہ روز ہونے والے احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہیں اور تمام پولنگ سٹیشنز پر انتخابی سامان اور عملہ نہیں پہنچ سکا تھا-
جبکہ دیگر حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے اُن میں جہلم ویلی کے دو اور ضلع نیلم کے بھی دو حلقے شامل ہیں۔
انتخابات کے اس دوسرے مرحلے کے دوران مہاجرین کی 12 نشستوں پر چار لاکھ سے زیادہ ووٹرز بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے نتائج اگلی حکومت بنانے کے عمل میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشن واضح کر دیں گے-
مظفرآباد میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حامیوں کی جانب سے احتجاج کے بعد ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی۔
جمعے کو مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کے بعد مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
مظفر آباد شہر کے لگ بھگ تمام گنجان آباد علاقوں میں مظاہرین نے رکاوٹیں لگا کر راستے بند کر رکھے ہیں اور صورتحال میں کشیدگی محسوس کی جا سکتی ہے۔
ادھر الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق مظفرآباد میں الیکشن کے پُرامن انعقاد کے لیے 18 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جن میں پولیس اور رینجرز شامل ہیں۔
مظفرآباد کے حلقوں ایل اے 5 کھاوڑہ اور ایل اے 3 لجرہ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

