امریکہ کا سعودی عرب کو پانچ ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کا معاہدہ
امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو پانچ ارب ڈالر مالیت کا فوجی سازوسامان فروخت کرنے کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب نے کئی ہزار بموں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے لیے رہنمائی کے نظام خریدنے کی درخواست کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
محکمے کے مطابق اس معاہدے میں ہتھیاروں کے علاوہ ضروری معاون سامان، اضافی پرزے، دیگر متعلقہ اشیا اور تکنیکی، انجینیئرنگ اور لاجسٹک معاونت کی خدمات بھی شامل ہوں گی۔
امریکہ نے اس معاہدے کو اپنے ایک اہم اتحادی کی سکیورٹی بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس سے خلیج میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ موجودہ علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی فضائی دفاعی صلاحیت مضبوط کرے گا۔

