کھیل

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے خاک چاٹ لی

نومبر 15, 2016 < 1 min

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے خاک چاٹ لی

Reading Time: < 1 minute

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں کینگروز کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں خاک چاٹنا پڑ گئی۔ میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے جیت لی ۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 161 رنز بنا کرآوٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور سٹیون سمتھ نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ عثمان خواجہ نے دوسری اننگز میں نو چوکوں کی مدد سے 64 اور ڈیوڈ وارنر نے چار چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے بالروں نے تباہ کن بولنگ کی جس کا آسٹریلوی بلے باز سامنا نہ کر سکے اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ آسٹریلیا کے چھ بلے باز دوہرے ہندسے میں پہنچنے میں ناکام رہے۔ افریقا کے کائل ایبٹ نے دوسری اننگز میں چھ اور ربادا نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔ آسٹریلوی بلے باز اس میچ میں بری طرح ناکام رہے پہلی باری میں صرف 85 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی کاک 106 اور باوما 74 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے کائل ایبٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے