ہلیری کے ووٹ 20 لاکھ زیادہ
Reading Time: < 1 minuteڈونلڈ ٹرمپ نے الیکٹورل ووٹوں کی اکثریت حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی اور وہ 20 جنوری 2017 کو امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ تاہم دوسری جانب انتخابات کے دو ہفتے بعد بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے اوراس میں ہلیری کلنٹن کی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ووٹوں کی برتری 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ کک پولیٹیکل رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق کلنٹن کے ووٹ چھ کروڑ 42 لاکھ ہیں، جب کہ ٹرمپ کے ووٹوں کی تعداد چھ کروڑ 22 لاکھ ہے۔ امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ میں یہ پانچواں موقع ہے کہ ہارنے والے امیدوار نے فاتح سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔اس سے قبل آخری مرتبہ سنہ 2000 میں ڈیموکریٹ امیدوار ال گور نے جارج بش سے 544000 زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے، لیکن بش ایک طویل قانونی جنگ کے بعد صدر بننے میں کامیاب ہو گئے۔ وکیلوں اور ڈیٹا کے ماہرین کا ایک حصہ کلنٹن ٹیم کو قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ تین ریاستوں کے نتائج کی جانچ پڑتال کروا کر اس بات کا تعین کریں کہ آیا کسی بیرونی ملک نے کمپیوٹر ہیکنگ کے ذریعے ووٹوں کی گنتی میں گڑبڑ تو نہیں کی۔ ماہرین کو حیرت ہے کہ کلنٹن نے ان کاونٹیوں میں کیوں بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں لگی تھیں، حالانکہ انھوں نے ان مقامات پر اچھے ووٹ لیے جہاں ووٹوں کی گنتی ہاتھوں سے کی گئی تھی اور جہاں آپٹیکل سکینر نصب تھے۔