چی گویرا کے دوست کاسترو سو گئے
Reading Time: < 1 minuteکیوبا کے سابق صدر اور کمیونسٹ انقلاب کے سربراہ فیدل کاسترو 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ کاسترو کی موت کی تصدیق کیوبن صدر راول کاسترو نے کی ۔ راول کاسترو نے بتایا ہے کہ ان کے بڑے بھائی فیدل کاسترو کا انتقال کیوبا کے مقامی وقت کے مطابق جمعے کی رات ساڑھے دس بجے ہوا۔ امریکا کے خلاف مزاحمت کیلئے مشہور فیدل کاسترو کی یک جماعتی حکومت نے کیوبا پر تقریباً نصف صدی تک حکومت کی اور 2008 میں اقتدار اپنے بھائی راول کاسترو کو منتقل کر دیا۔ دنیا بھر کے کمیونسٹ فیڈرل کاسترو کا نام عزت واحترام سے لیتے ہیں جبکہ ان کے ماننے والے کہتے ہیں کہ کیوبا کو واپس اپنے لوگوں کے حوالے کرنا ہی کاسترو کا عظیم کا رنامہ ہے۔ فیڈل کاسترونے 2006 میں صحت کی خرابی کے باعث عارضی طور پر اپنے بھائی کو اقتدار سونپا تھا۔ تاہم دو سال بعد ان کے بھائی راول کاسترو باقاعدہ طور پر کیوبا کے صدر بن گئے تھے۔ فیدل کاسترو 1956 میں جلا وطنی کی زندگی گزارنے میکسیکو چلے گئے تھے، وہ 1926 میں کیوبا کے جنوب مشرقی صوبے اورینٹی میں پیدا ہوئے تھے، کاسترو کو 1953 میں بتیستا حکومت کے خلاف ناکام بغاوت کی سربراہی کرنے پر جیل ہوئی، 1955 میں عام معافی کے تحت جیل سے رہا کر دیے گئے۔ کاسترو کے سب سے بڑا کارنامہ استعمار کے خلاف جدوجہد کی سب سے بڑی علامت چی گویرا کے ہمراہ گوریلا لڑائی تھا جو 1956 میں شروع ہوئی تھی اور جس کا اختتام 1959 میں بتیستا حکومت کو شکست دینے پر ہوا تھا جس کے بعد کاسترو نے بطور وزیراعظم حلف اٹھایا تھا۔