طالبان نے چینی مغوی رہا کردیا
Reading Time: < 1 minuteگزشتہ پانچ ماہ سے طالبان کے پاس یرغمال چین کے تاجر ڑیو ہوینگ کابل میں چینی سفارت خانے پہنچ گئے ہیں۔ طالبان نے چینی مغوی کو رہا کرنے کی تصدیق کی ہے۔ میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں طالبان کے حقانی نیٹ ورک کے رکن نے بتایا کہ تاجر مسٹر ڑیو ہوینگ کو جولائی میں اغوا کر لیا تھا۔ حکام کے مطابق ڑیو ہوینگ پہلے چینی شہری تھے جنھیں افغان طالبان نے اغوا کیا تھا، لیکن طالبان کے ساتھ کئی رابطوں کے بعد مغوی کو رہا کرایا گیا ہے۔ چینکی حکومت نے تاجر کے اغوا کی خبر کو ذرائع ابلاغ کی خبروں سے دور رکھا ۔ بعض ذرائع کے مطابق مغوی تاجر کی رہائی کے بدلے طالبان کو بھاری رقم دی گئی ہے۔ یہ بھی دعوی کیا جا رہا ہے کہ اس رہائی میں افغان صدر اور ان کے ایلچی کا بھی اہم کردار تھا۔ اس سے قبل کہا گیا تھاکہ امریکی ڈرون نے اس مقام کو نشانہ بنایا تھا کہ جہاں طالبان نے چینی مغوی تاجر کو رکھا ہوا تھا۔