ٹرمپ کا امریکی پالیسی پر یوٹرن
Reading Time: < 1 minuteنو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باضابطہ طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل ہی دنیا بھر کے ممالک سے امریکی تعلقات کو نئے سرے سے متعین کرنا شروع کر دیا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فون کال پر بات چیت سے پیدا ہونے والی صورتحال کی گرد بھی بیٹھی نہیں تھی کہ ٹرمپ کو تائیوان سے موصول ہونے والی مبارکباد نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ امریکا اور تائیوان کے تعلقات میں اس کو نیا موڑ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ 1979 کے بعد دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات نہیں رہے۔ چین نے اس رابطے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ کو تائیوان کی صدر سائی اینگ وین کے فون کے بعد ذرئع ابلاغ میں چھڑنے والی بحث پر نو منتخب امریکی صدر نے ٹویٹ میں اپنا موقف مزید واضح کیاہے۔ سفارتی زبان سے ناآشنا ٹرمپ نے کہاہے کہ امریکا ہر سال کروڑڈالر کا اسلحہ تائیوان کو بیچ سکتاہے تو مبارکباد کے ایک ٹیلی فون پر کیوں شور مچایا جا رہا ہے۔