دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا
Reading Time: < 1 minuteوزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور اس ضمن میں کسی علاقے، رنگ یا فرقے میں امتیاز نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم ہاؤس میں نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں 22 فروری کو ملک بھر میں شروع ہونے والے آپریشن رد الفساد میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ متعین کیے گئے اہداف کے حصول تک آپریشن رد الفساد جاری رہے گا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے شرکا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آپریشن رد الفساد قومی فیصلہ اور ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کا عزم ہے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز میں ہر سطح پر اتفاق رائے موجود ہے اور عوام چاہتے ہیں کہ انھیں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے چھٹکارے کی یقین دہانی ملے اور جنگ میں کامیابی ہو۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے انتہا قربانیاں دی ہیں اور ہم کسی علاقے، رنگ یا فرقے کی تفریق کے بغیر دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔’