پاکستان

مراد سعید نے لیگی رکن کو مکا جڑ دیا

مارچ 9, 2017 2 min

مراد سعید نے لیگی رکن کو مکا جڑ دیا

Reading Time: 2 minutes

 قومی اسمبلی اجلاس میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے تقریر شروع کی جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ آپ تقریر نہیں کر سکتے صرف اپنے معاملے پر بات کریں، مراد سعید غصے میں آ گئے اور کہا کہ ہمارے ساتھ ہمیشہ سے اسی طرح ہوتا ہے۔ مراد سعید کے بعد (ن) لیگ کے رکن میاں جاوید لطیف لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد پر بات کر رہے تھے کہ تحریک انصاف کے مراد سعید پیچھے سے بولتے رہے جس پر جاوید لطیف نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی بھی اسی طرح پی ایس ایل پر تنقید کرتے رہے اور پاکستان آنے والے کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہا گیا، ان کا قصور نہیں ہے بلکہ ان کی قیادت کو بھی بات کرنے کی تمیز نہیں ۔

اجلاس کے بعد لابی میں مراد سعید (ن) لیگ کے رکن جاوید لطیف کی طرف بڑھے اور کہا کہ آپ ہوتے کون ہیں مجھ سے اس طرح بات کرنے والے اور ہماری لیڈرشپ پر غداری کے فتوے لگانے والے جس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور پھر ہاتھا پائی بھی ہو گئی۔ دونوں اراکین کے درمیان ہاتھا پائی کو پارلیمنٹ لابی میں موجود افراد نے رکوایا اور معاملے کو رفع دفعہ کروایا-

پارلیمان کی عمارت سے باہر نکلتے ہوئے مراد سعید واپس پلٹے اور ن لیگ کے رکن اسمبلی جاوید لطیف کو مکا جڑ دیا۔ عمارت کے باہر لگے ٹی وی چینل کیمروں نے یہ منظر ریکارڈ کرلیا۔ وہاں موجود افراد نے بیچ بچاﺅ کرایا۔

جاوید لطیف کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسمبلی میں مراد سعید نے (ن) لیگ کی لیڈر شپ پر تنقید کی جس کا میں نے جواب دیا اور جب پارلیمنٹ سے باہر نکلے تو مراد سعید 10 سے 15 نان اسمبلی ممبرز کے ساتھ میری جانب بڑھا اور مجھے گالیاں دینا شروع کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مراد سعید میرے بچوں کی جگہ ہے اور میں نے صرف ان کے گال تھپکائے اور کہا کہ بیٹا ابھی تم بچے ہو، بڑوں سے اس طرح بات نہیں کرتے۔ مراد سعید پاگلوں کی طرح حرکتیں کر رہا تھا اور اس کی تربیت اچھی نہیں ہوئی اس لئے اسے معاف کرتا ہوں۔

واقعہ کے بعد مراد سعید کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسمبلی کے اجلاس کے بعد جب پارلیمنٹ لابی میں آئے تو جاوید لطیف صاحب نے مجھے پکار کر کہا کہ میں نے آپ کو نہیں آپ کے لیڈر کو غدار کہا تھا، پارلیمنٹ کے سی سی ٹی وی میں ساری ویڈیو موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میرا لیڈر اور پوری قوم کا فخر ہے، ان کے خلاف کسی قسم کی بات برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب میں پختونوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے