ایف سی پر حملے، 3 اہلکار – 8 شدت پسند ہلاک
Reading Time: < 1 minuteخیبر پختونخوا میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ٹریننگ سنٹر پر خود کش حملے کے کوشش میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے شدت پسندوں کے حملے میں فرنٹیئر کور کے دو اہلکار اور جوابی کارروائی میں چھ شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
ضلع چارسدہ کے پولیس افسر نے بتایا کہ دو خود کش حملہ آوروں نے شبقدر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ٹریننگ سنٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی اہلکاروں نے ان پر فائرنگ کی ہے جس میں ایک خود کش حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرے نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں فرنٹییر کانسٹیبلری کے ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اس حملے میں دو اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں لیکن اب تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے شدت پسندوں نے فرنٹیئر کور کی چوکی پر حملہ کیا ہے جس میں دو اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حملہ سپینہ شوکہ کے مقام پر کیا گیا ہے جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی ہے جس میں چھ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔