مردم شماری کے طریقہ کار پر اعتراض
Reading Time: < 1 minuteپیپلز پارٹی نے مردم شماری کے طریقہ کار پر اعتراض کرتے ہوئے اسے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور وفاقی ادارۂ شماریات کو فریق بنایا گیا ہے۔ پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ موجودہ طریقہ کار میں شفافیت نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ سارا عمل ہی مشکوک ہوجاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ مردم و خانہ شماری میں جو معلومات اکھٹی کرکے مرتب کی جائیں، انھیں ساتھ ہی ساتھ ویب سائٹ پر شائع کیا جاتا رہے تاکہ عوام جان سکیں کہ ان کے علاقے میں ہونے والی خانہ شماری میں کتنے گھر سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا اور بلوچستان کے ساتھ سندھ کو بھی اس عمل پر اعتراض ہے کیونکہ اس میں افغان مہاجرین کے لیے علیحدہ سے کوئی خانہ نہیں ہے اور ان صوبوں میں تو اس وجہ سے کئی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے عمل کا بہت قریب سے بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک انتہائی اہم اور حساس معاملہ ہے۔