عالمی خبریں

لندن : حملہ آوروں کی شناخت

جون 5, 2017 < 1 min

لندن : حملہ آوروں کی شناخت

Reading Time: < 1 minute

لندن میں ہفتے کی رات پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقاتی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ان تینوں حملہ آوروں کی شناخت کر چکے ہیں جنھوں نے لندن برج اور بورو مارکیٹ میں سات افراد کو ہلاک اور 48 کو زخمی کیا تھا۔ پولیس نے ان تینوں حملہ آوروں کو بھی موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کے نام جلد عام کر دیے جائیں گے۔ پولیس نے کہا ہے کہ حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں مشرقی لندن میں نیو ہیم اور بارکنگ کے علاقوں میں مزید دو مقامات کی تلاشی لی گئی ہے۔ پولیس نے اتوار کو بارکنگ کے ایک فلیٹ سے چند خواتین سمیت 12 افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں سے ایک 55 سالہ شخص کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے رہا کر دیا گیا ہے۔

 رات دس بجے کے بعد لندن برج کے علاقے میں ایک سفید رنگ کی ویگن نے راہگیروں کو کچل دیا اور پھر وہ منڈیر سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے اس حملہ کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔ راہگیروں کو کچلنے کے بعد اس ویگن سے اترنے والے تین افراد نے پل کے جنوب میں واقع بورو مارکیٹ میں موجود لوگوں پر چاقو کے وار بھی کیے۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 36 تاحال زیرِ علاج ہیں اور ان میں سے 21 کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جنھوں نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی اور ان میں سے بھی دو شدید زخمی ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے