نئے پاکستان میں واٹس ایپ سرکار
عمران خان کی تحریک انصاف حکومت نے خیبر پختونخوا میں ٹیکنالوجی کے میدان میں کچھ کیا ہو یا نہ کیا ہو مگر سوشل میڈیا کے بعد اب فون ایپلیکیشنز کو بھی سرکاری افسران کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے _
خیبر پختونخوا میں سرکاری خط و کتابت کے لئے تیز ترین جدید طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے پی ایم آر یو (پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ ) کا تمام انتظامی سیکرٹریوں، کمشنران و ڈپٹی کمشنران پر مشتمل وٹس ایپ گروپ قائم کیا ہے، چیف سیکرٹری کے دفتر میں قائم پی ایم آر یو سے کوئی بھی سرکاری مراسلہ روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ وٹس ایپ گروپ میں بھی ارسال کیا جائے گا، روایتی طریقہ کار میں سرکاری مراسلہ کو منزل مقصود پر پہنچنے میں وقت لگتا ہے، نئے طریقہ کار سے انتظامی سربراہان روایتی طریقہ سے مراسلہ کی وصولی سے قبل ہی آگاہ ہو سکیں گے، نئے طریقہ کار سے سرکاری مراسلوں پر مقررہ وقت میں عملدرآمد میں آسانی ہوگی، وٹس ایپ گروپس میں ہونے والی تمام گفتگو سرکاری تصور کی جائے گی، وٹس ایپ گروپس میں غیر متعلقہ گفتگو کی سختی سے ممانعت ہوگی، پی ایم آر یو چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ان وٹس ایپ گروپس کی خود نگرانی کریں گے _ چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مفاد عامہ کے پیش نظر اس مد میں تعاون کو سراہا جائے گا۔