ایٹمی معاہدے کی پاسداری
Reading Time: < 1 minuteبرطانیہ، فرانس اور جرمنی نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ایٹمی معاہدے کی پاسداری کریں گے ۔ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ معاہدے کو ختم کر ڈالیں گے ۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی حکومت کو جنونی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور ایران کے ساتھ بین الاقوامی جوہری معاہدہ جاری رکھنے سے انکار کیا۔
امریکی اتحادیوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ ہمارے مشترکہ قومی اور سلامتی مفاد میں ہے۔ یورپی یونین نے کہا ہے کہ کوئی ایک ملک قابل عمل معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا۔ معاہدے کے اہم فریق ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کیا کوئی صدر کثیر قومی بین الاقوامی معاہدے کو ازخود ختم کر سکتا ہے؟ شاید ٹرمپ کو معلوم نہیں ہے کہ یہ معاہدہ صرف ایران اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ معاہدہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکا پہلے سے زیادہ تنہا ہو چکا ہے ۔