ٹرمپ دنیا کیلئے خطرہ کیوں
Reading Time: < 1 minuteسابق صدر بل کلنٹن مسلسل آٹھ سال تک ریاست ہائے امریکہ کے صدر رہے ، اس کے بعد بل کلنٹن کی اہلیہ ہیلری کلنٹن صدر اوباما کی وزیر خارجہ رہیں اور دو ہزار سولہ میں صدر ٹرمپ کے مقابلے صدارتی الیکشن لڑا، ہیلری کلنٹن ٹرمپ کے مقابلے میں مضبوط امیدوار تھی تاہم الیکشن نتائج سے ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر بن گئے،سابق صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے اپنے حالیہ انٹرویو میں دو ہزار سولہ کے انتخابات میں روسی مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے صدر ٹرمپ کو پوری دنیا کے لیے خطرہ قرار دیا ہے ، ہیلری کلنٹن نے انٹرویو میں کہا ہے کہ روسی صدر نے 2016 کے امریکی انتخابات میں براہ راست مداخلت کی، روسی انتظامیہ کو ان کےمقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی دلانے کی ہدایت دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیوٹن نےامریکا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور وہ امریکا کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں،ہلیری کلنٹن کا کہناتھا کہ یقینی طورپر روسی صدرنے کچھ کامیابیاں ضرورحاصل کی ہوں گی لیکن امریکی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی سخت نگرانی نے ان کو ان کے مقاصد میں مکمل طور پر کامیاب ہونے نہیں دیا۔
سابق وزيرخارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو دنیا میں امریکہ کے لیے عدم اعتمادی کا باعث قراردیتے ہوئے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مضحکہ خیز اقدامات دنیا بھر میں امریکہ کے لیے باعث ندامت بن رہے ہیں،انہوں نے صدر ڈونلڈٹرمپ کے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کی دھمکی کو خطرناک قراردیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صدر نے عالمی سطح پرامریکا کو بدعہد اور بد اعتماد بنا کر پیش کیا ہے،جس سے امریکا کے دوسرے ملکوں کے ساتھ وعدوں کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اوراس جیسے دوسرے مسائل سفارتی طورپر حل کئے جانے چاہئیں۔