پاکستان شرارت کرنے والا ہے
انڈین وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ کلبھوشن جادھو ملاقات کے بعد پاکستان جوتے کے معاملے پر کوئی شرارت کرنے والا ہے۔ خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ چیتنا کے جوتے جو واپس نہیں کیے اس سے انڈیا کے یہ شکوک سچ میں بدل رہے ہیں۔
انڈین پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کلبھوشن سے ان کی اہلیہ اور والدہ کی ملاقات کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان انڈیا کے خلاف پراپیگنڈہ کرکے شرارت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو دن سے ٹی وی پر خبر چل رہی ہے، کبھی کہتے ہیں جوتے میں کیمرہ تھا، کبھی کہتے ہیں ٹرانسمیٹر تھا۔ کبھی کہتے ہیں اس میں ریکارڈر تھا۔ پاکستان نے اسی وقت کیوں میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا۔
سشما سوراج نے کہا کہ کلبھوشن کی اہلیہ ایئر انڈیا کی پرواز سے دبئی گئیں اور وہاں امارات ائر لاٗن کی فلائٹ لے کر اسلام آباد گئیں۔ ایمیریٹس میں تو پورا سکیورٹی چیک ہوا تھا۔ وہاں تو کوئی چِپ نظر نہیں آئی، کوئی ریکارڈر نظر نہیں آیا۔
انھوں نے کہا کہ کلبھوشن کی اہلیہ نے بتایا کہ کلبھوشن کافی تناؤ میں لگ رہے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ بہت دباؤ میں تھے۔ کلبھوشن کی بات چیت سے یہ واضح تھا کہ قید کرنے والوں نے جو سکھا پڑھا کر بھیجا تھا وہ وہی بول رہے تھے جس کا مقصد ان کی نام نہاد سرگرمیوں کی جھوٹی داستان کو ثابت کرنا تھا۔ انھوں نے میٹنگ سے پہلے دونوں خواتین کے منگل سوتر اور بندی اتارنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام نے دونوں خواتین کو کلبھوشن کے سامنے بیوہ بنا کر پیش کیا۔ اس سے زیادہ انسانی بے ادبی اور کیا ہوگی۔
سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان نے اس میٹنگ کی اجازت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی تھی لیکن انسانیت کے نام پر ہونے والی اس میٹنک میں انسانیت بھی غائب تھی اور خیر سگالی بھی نہیں تھی۔