آصف ہاشمي کمرہ عدالت سے گرفتار
Reading Time: < 1 minuteچیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا ہے،،متروکہ وقف املاک بورڈ کے پلاٹوں میں خورد برد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف ہاشمی عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آصف ہاشمی کو عدالت میں ہی گرفتار کرلیا جائے جس پر ایف آئی اے اہلکاروں نے فوری طور پر انہیں گرفتار کرلیا۔
ملزم کے وکیل نے بتایا کہ آصف ہاشمی نے کئی کیسز میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ آصف ہاشمی کے خلاف کئی کیسز اب بھی ایسے ہیں جن میں انہوں نے ضمانت نہیں کرائی، ان کے خلاف کچھ کیسز کا لاہور میں بھی ٹرائل جاری ہے جبکہ کچھ مقدمات نیب میں بھی زیر سماعت ہیں۔
چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آصف ہاشمی کی جن کیسز میں ضمانت نہیں ہوئی ان میں گرفتار کرلیا جائے۔ چیف جسٹس کے استفسار پر بتایا گیا کہ لاہور کے سپیشل جج محمد رفیق نے آصف ہاشمی کو ضمانت دی ۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آصف ہاشمی کا باقاعدہ ٹرائل شروع کیا جائے اور جہاں جہاں ان کے خلاف کیسز چل رہے ہیں ان کا ٹرائل مکمل کیا جائے۔