نواز شریف کی تقاریر میں نے سنسر کیں
Reading Time: < 1 minuteسیکریٹری اطلاعات و نشریات احمد نواز سکھیرا نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی ہدایت کے برخلاف انھوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقاریر کو قومی ٹی وی پر سنسر کیا ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات احمد نواز سکھیرا نے بتایا کہ سیاسی مداخلت میں کام کرنے کے خلاف مزاحمت کرتا ہوں، جب عدالت نے حکم دیا کہ اداروں کے منافی بات نہ نشر ہو تو سرکاری ٹی وی پر ہم نے بہت رسک لے کر اس فیصلے پر عملدرآمد کیا ۔ قائمہ کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس میں وہ تمام کلپس دکھا سکتا ہوں جن کو ہم نے ایڈیٹ کرکے سابق وزیر اعظم کی تقاریر سے کاٹا ۔ انھوں نے کہا کہ کوئی تو تھا جو تقاریر سے اداروں کے خلاف کلپس نکال رہا تھا؟ پی ٹی وی نے اداروں کے خلاف تقاریر سنسر کرکے دکھائیں ۔ انھوں نے انکشاف کیا کہ وزیر اطلاعات کی ہدایت کے خلاف پی ٹی وی پر تقاریر سنسر ہوئیں ۔ اور ان تقاریر کو سنسر کرنے کا ان کی زات پر، کرنٹ افئیرز پروگرامز اور نیوز پروگرامز کے ڈائریکٹرز پر بہت اثر پڑا ۔ احمد نواز نے دعوی کیا کہ اب یکم جون کے بعد سرکاری ٹی وی کا اسٹائل تبدیل کریں گے ۔
احمد نواز سکھیرا نے بتایا کہ جب پاناما پیپرز کا فیصلہ آیا تو چار دن تک ملک میں کوئی حکومت نہیں تھی ۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ سرکاری ٹی وی ریاست کا ٹی وی بن کر کام کرے گا، اس دوران پی ٹی وی نیوز نے عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر کو بھی دکھایا ۔