’نواز شریف کی جیل واپسی ہی بڑی خبر ہے‘
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنے والد کے ساتھ جیل تک جائیں گی ۔
ملک کی سپریم کورٹ نے نواز شریف کو چھ ہفتوں کی طبی ضمانت پر رہا کیا تھا جس کی مدت آج ختم ہو رہی ہے اور وہ گرفتاری دینے واپس جیل جائیں گے ۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سزا سنائی گئی تھی۔
مسلم لیگ ن کے مطابق نواز شریف کے کوٹ لکھپت جیل جاتے ہوئے ایک ریلی بھی ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے ہوگی جس میں پارٹی کے رہنما اور کارکنان شامل ہوں گے ۔
ٹوئٹر پر نواز شریف کی صاحبزادی اور پارٹی کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ خود اپنے والد کو جیل تک چھوڑنے جائیں گی ۔
مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’جتنا کٹھن فیصلہ ایک باپ کا بیٹی کا ہاتھ تھامے جیل جانے کا تھا، اتنا ہی کٹھن ایک بیٹی کا اپنے محبوب والد کو جیل چھوڑ کر آنا ہے۔ مگر میں جاؤں گی۔ کیونکہ مقصد قومی ہے اور باپ بیٹی کے رشتوں سے کہیں بڑا ہے۔ قومی مقاصد قربانی مانگتے ہیں۔ کل انشاءاللہ میں کارکنوں کے ساتھ ہوں گی۔‘
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ہمراہ مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی ہوں گے۔
مریم اورنگزیب نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’رائیونڈ سے کوٹ لکھپت جیل تک مریم نواز والد کے ساتھ ہوں گی۔ آخری لمحے تک اپنے والد کے ساتھ ہوں گی۔ کارکنان کے ہمراہ قائد مسلم لیگ ن کو الوداع کریں گے۔‘
ادھر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور نواز شریف کے بھتیجے حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے تاحیات قائد سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے لاہور میں مختلف مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ نواز شریف کی سپریم کورٹ سے ضمانت میں توسیع نہ ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے لہجے میں تبدیلی دیکھی گئی ہے جبکہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما اور دیگر سیاسی حریف ان پر ڈیل کے ذریعے ایک بار پھر بیرون ملک جانے کے جملے کس رہے تھے ۔

