لاہور،داتا دربار دھماکے میں آٹھ ہلاک
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ طور پر ایک خودکش حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
پنجاب پولیس کے سربراہ عارف نواز خان نے مقامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں آٹھ افراد مارے گئے ہیں جن میں پانچ پولیس فورس کے جوان تھے ۔
اس سے قبل لاہور میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اشفاق خان نے میڈیا کو بتایا کہ داتا دربار پولیس وین دھماکہ میں تین اہلکار اور دو شہری ہلاک ہوئے۔
ڈی آئی جی اشفاق خان کے مطابق واقعہ میں 24 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
پولیس حکام کے مطابق حملے میں داتا دربار کے وی آئی پی گیٹ کے سامنے کھڑے ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے جائے وقوع كو مكمل طور پر سیل كر کے اور كسی بھی غیر متعلقہ افراد كا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے ۔
میو ہسپتال ذرائع کے مطابق چار نعشیں اور تین زخمی افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔
وزیراعلی پنجاب کے دفتر سے جاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی داتا دربار کے باہر پولیس موبائل کے نزدیک دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے
وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے ۔
وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

