پشتون تحفظ موومنٹ کا نمائندہ وفد پارلیمنٹ میں
پاکستان میں قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے کنونیئر بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کمیٹی طبقاتی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کرے گی کیونکہ ڈائیلاگ اور بحث مباحثہ کے ذریعے محرومیوں اور مسائل کا حل آسانی سے نکالا جاسکتا ہے ۔
سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین بیرسٹر محمد سیف کی صدارت ہوا ۔
اجلاس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے نمائندوں پر مشتمل وفد جس کی قیادت ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ کر رہے تھے، نے شرکت کی ۔
کمیٹی کے چیئرمین بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی ایم ہمیں لاپتہ افراد کے اعداد وشمار، مقدمات، گرفتار شدہ ساتھیوں اور ای سی ایل پر ڈالے گئے افراد کے ناموں کی تفصیلات کی فراہم کرے تاکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ اس پر بات کی جا سکے۔
وفد نے یقین دلایا کہ اگلے چند دنوں میں یہ تفصیلات کمیٹی کے سامنے پیش کر دی جائیں گی۔
وفد نے بتایا کہ پی ٹی ایم ایک ٹیم تشکیل دے گی جو کمیٹی سے مذاکراتی عمل میں رابطے میں رہے گی اور ان کے نام جلد فراہم کر دیئے جائیں گے۔
پشتون موومنٹ کے نمائندوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کمیٹی ان مسائل کو حل کرانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر پی ٹی ایم کی جانب سے عبداللہ ننگیال، محترمہ عصمت شاہ جہاں اور محترمہ گلالئی اسماعیل اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کمیٹی کے اجلا س میں سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی، ستارہ ایاز،سجاد حسین طوری، نصیب اللہ بازئی، ہدایت اللہ، دلاور خان، فدا محمد خان، سردار شفیق ترین، خانزادہ خان، میر کبیر احمد محمد شاہی، پیر صابر شاہ، رانا مقبول احمداور عبدالغفور حیدری کے علاوہ ایم این اے محسن داوڑ اور پی ٹی ایم کے عہدیداران نے شرکت کی۔

