قبائل کی 16 صوبائی نشستوں کے لیے سینکڑوں امیدوار
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کیے گئے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر تاریخ میں پہلی بار الیکشن منعقد کیے جا رہے ہیں اور ان کے لیے 3 خواتین سمیت 438 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قبائلی اضلاع میں خیبر پختون خوا اسمبلی کی 16 نشستوں کے لیے 2 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے کل 438 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ خواتین کی چار مخصوص نشستوں کے لئے 30 اور اقلیت کی ایک نشست کے لئے 9 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 100 باجوڑ سے 25 امیدوار، پی کے 101 باجوڑ سے 41 امیدوار اور پی کے 102 کے لئے 21 مرد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرنگ افیسر کے پاس جمع کرائے ہیں۔
پی کے 103 مہمند سے 22 مرد اور ایک خاتون، پی کے104 سے 28، پی کے 105 خیبر سے27 ، پی کے 10 سے 28 مرد اور ایک خاتون، پی کے 107 خیبر سے 30، پی کے 108 کرم سے 42، پی کے 109 سے 21 مرد اور ایک خاتون امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
پی کے 110 ضلع اورکزئی سے 26 امیدوار، پی کے 111 شمالی وزیرستان سے 28، پی کے 112 شمالی وزیرستان سے 26 ، پی کے 113 جنوبی وزیرستان سے 35 ، پی کے 114 جنوبی وزیرستان سے 22 اور پی کے 115 سابقہ قبائلی علاقوں کے لئے13 امیدوار میدان میں ہیں۔

