پاکستان: ایک دن میں تقریباََ سات ہزار نئے کیسز
عالمی وبا کورونا وائرس کا پاکستان میں تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز نہ ملنے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں جبکہ سوشل میڈیا کے لیے ذریعے صحت مند افراد کا پلازمہ مریضوں کو مہنگے داموں بیچنے کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کیے گئے 29 ہزار سے زائد ٹیسٹوں میں سے چھ ہزار 825 مثبت آئے جو ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
پاکستان میں مزید 81 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 632 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں اب تک ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 51 ہزار سے زیادہ صحت ہوئے ہیں۔
ہلاکتوں میں پنجاب پہلے، سندھ دوسرے اور خیبر پختونخوا تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کئی اہم شخصیات کورونا سے متاثر ہوئی ہیں جن میں دو سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان اور یوسف گیلانی شامل ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید بھی کورونا کی وجہ سے قرنطینہ میں ہیں۔
شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کو بھی کورونا تشخیص ہوا ہے۔

