پاکستان24 متفرق خبریں

مہنگائی کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا: حکومت پاکستان

اکتوبر 13, 2020 2 min

مہنگائی کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا: حکومت پاکستان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت کے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں اشیا کی قیمتوں پر بات ہوئی اور جامع اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔

منگل کو اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’مہنگائی ایک اہم مسئلہ ہے جس سے کمزور طبقہ متاثر ہوا۔ کابینہ اجلاس میں اس حوالے سے میکنزم پر بات ہوئی اور آنے والے دنوں میں اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔‘

شبلی فراز نے گندم کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے گندم جاری میں تاخیر کی گئی جو بدنیتی پر مبنی تھی اور اس کی وجہ سے بھی قیمت بڑھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق سندھ حکومت نے 15 یا 16 تاریخ سے گندم ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں ضرورت کے مطابق گندم موجود ہے تاہم دوسری جانب یہ بھی کہا کہ زیادہ بارشوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں گندم کی پیداوار متاثر ہوئی۔

انہوں نے 20 کلو آٹے کی قیمت کے حوالے سے بتایا کہ یہ کراچی میں 13 سے 14 سو جبکہ خیبر پختونخوا میں 11 سے 12 سو روپے ہے۔

امریکہ میں پی آئی اے کے ہوٹل روز ویلٹ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وہ قومی اثاثہ ہے، حکومت کا اس کو بیچنے کوئی پروگرام نہیں۔

شبلی فراز نے نیو یارک میں پاکستان کے ملکیتی ہوٹل کی فروخت پر بھی بات کی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے ہوٹل کا قرضہ ادا کرکے ملکیت حاصل کر لی ہے جبکہ ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کر دی گئی ہیں۔

کراچی میں بجلی ٹیرف بڑھانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بتایا کہ کراچی میں بجلی ٹیرف دوسرے صوبوں سے چار سال سے کم تھا اس کو بیلنس میں لانے کے لیے فیصلہ کیا گیا۔

شبلی فراز نے حسب سابق اپنی پریس کانفرنس کے ایک بڑے حصے میں سابق حکومتوں اور اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے