امریکی ٹی وی چینلز ٹرمپ کے ’جھوٹ‘ کو سنسر کرنے لگے
Reading Time: < 1 minuteایک طرف سماجی رابطوں کی بین الاقوامی ویب سائٹ ٹوئٹر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹویٹس پر ‘گمراہ کن’ کا لیبل چسپاں کرکے صارفین سے چھپا رہی ہے تو دوسری جانب کئی امریکی نشریاتی اداروں نے ان کی براہ راست گفتگو کے درمیان ہی ‘جھوٹ’ کو جواز بناتے ہوئے سکرین سے ہٹا دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی 17 منٹ کی تقریر میں جب انہوں نے ڈیموکریٹ پر بغیر کسی ثبوت کے الیکشن چرانے کا الزام لگایا اور ‘غیرقانونی’ ووٹوں کی بات کی تو زیادہ تر نیوز چینل نے ان کی تقریر کی نشریات معطل کر دیں۔
صدر ٹرمپ جو اپنے اقتدار میں میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور ان کا مشہور جملہ ‘فیک نیوز’ دنیا بھر میں گونجتا رہا ہے اب مشکل میں دکھائی دیتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلسل اپنی ٹویٹس پر لیبل لگانے پر ٹوئٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے جمعے کو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ٹوئٹر کنٹرول سے باہر ہو گیا ہے اور ایسا حکومت کی جانب سے قانون کی شق 230 کے تحفہ سے ہوا۔’
واضح رہے کہ صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ اپنے حریف جوبائیڈن سے پیچھے رہ گئے ہیں اور اب الیکشن اور نتائج کو متنازع بنانے کے لیے بیانات دے رہے ہیں۔