پاکستان24 متفرق خبریں

مقتولین کی تدفین، عمران خان کی لواحقین سے ملاقات

جنوری 9, 2021 2 min

مقتولین کی تدفین، عمران خان کی لواحقین سے ملاقات

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ برادری کے افراد اور سانحہ مچھ کے متاثرین سے تعزیت کی ہے اور ان کو مجرموں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

قبل ازیں جمعے کی رات کوئٹہ میں ‏حکومت اور مچھ واقعہ کے بعد دھرنا دینے والے ہزارہ برادری کے افراد کے مابین مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد سنیچر کو مقتولین کی تدفین کی گئی۔

ہزارہ ٹاؤن میں ادا کی گئی نمازہ جنازہ میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔

حکومت اور دھرنا منتظمین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات کے مطابق مچھ میں نااہلی برتنے والے افسران کا تعین کیا جائے گا اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں غفلت کے مرتکب قرار پانے والے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ مچھ واقعے پر صوبائی وزیرداخلہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا کمیشن قائم کیا جائے گا جس میں دو ارکان صوبائی اسمبلی، بلوچستان حکومت کے دو سینیئر افسران، پولیس کا ڈی آئی جی رینک کا افسر اور شہدا کمیٹی کے نامزد کردہ دو ممبران شامل ہوں گے۔

کمیشن مچھ واقعہ کی تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ ،گزشتہ بائیس سالوں میں شیعہ ہزارہ کمیونٹی پر دہشتگرد کارروائیوں کے کیسز کی تفتیش کے نتائج کا جائزہ لے گا اور ان واقعات میں ملوث گرفتار دہشتگردوں کو جلد سزائیں دلانے کے کام کرے گا۔

بلوچستان کی حکومت مقتولین کے لواحقین کو فی کس پندرہ لاکھ روپے دے گی۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سیکورٹی ادارے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔ کوئٹہ کراچی شاہراہ سمیت دیگر شاہراؤں پر اور ہزارہ برادری کے کوئلہ کانکنوں کے تحفظ کےلیے جامع سیکورٹی پلان بنایا جائے گا۔

نادرا پاسپورٹ اور امیگریشن دفاتر میں ہزارہ برادری کو درپیش مشکلات اور تحفظات دور کی جائینگی اس سلسلے میں ڈی جی نادرا اور ڈائریکٹر پاسپورٹ خصوصی کمیٹی بنائیں گے۔

اسی طرح یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقتول کانکنوں کے شرعی وارث کو حکومت بلوچستان ملازمت دے گی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے