متفرق خبریں

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کیا پیش رفت ہوئی؟ ہائیکورٹ

جنوری 11, 2021 2 min

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کیا پیش رفت ہوئی؟ ہائیکورٹ

Reading Time: 2 minutes

امریکامیں قیدڈاکٹرعافیہ کی رہائی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری کو 10 فروری کو طلب کر لیا ہے۔

پیر کو مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ‏یہ بہت اہم معاملہ ہے اس کو غیرسنجیدگی سے نہ لیں، ‏4 سال بعد یہ کیس لگا ہے اور ہم آج بھی وہاں ہی کھڑے ہیں جہاں 4 سال پہلے تھے۔

جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ ‏کیا پاکستان نے امریکا سے حکومتی سطح پر یہ معاملہ اٹھایا ہے؟‏

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد محمود نے بتایا کہ امریکہ میں ہمارا قونصل خانہ اس معاملے کو دیکھتا ہے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق عافیہ صدیقی پاکستانی قونصل جنرل سے ملاقات کرنے سے انکار کر چکی ہیں۔

درخواست گزار ڈاکٹر فوزیہ کے وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو اغوا کیا گیا، ابھی تک کوئی اپڈیٹ نہیں کہ وہ زندہ بھی ہیں یا نہیں؟

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ہرشہری کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمے داری ہے جس سے وہ مبرا نہیں ہوسکتی، سیکریٹری لیول کا افسر آکر بتائے کہ اس معاملے میں اب تک کیا پیشرفت ہوئی؟۔

وزارت خارجہ کی جمع کرائی گئی تحریری رپورٹ میں بتایا گیا کہ پندرہ دسمبر کو قونصلر جنرل ملاقات کے لئے گئے، جیل حکام نے بتایا وہ ملنا نہیں چاہتیں۔

رپورٹ کے مطابق 24 ستمبر کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے قونصل جنرل کی آخری ملاقات ہوئی تھی، گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے بھی امریکی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ معطل رہا۔

رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی صحت سے متعلق آگاہی کے لیے امریکی جیل کے حکام سے رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر عافیہ نے 24 ستمبر کی ملاقات میں بتایا ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔  امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ رحم کی درخواست قیدی خود جیل وارڈن یا بذریعہ ڈاک دائر کر سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وکیل کے بغیر ایک ہی حل تھا کہ قیدی خود جیل وارڈن کے ذریعے درخواست دائر کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت دس فروری کو ہوگی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے