پاکستان24 عالمی خبریں

اسرائیل کا فوجی آپریشن ’پوری طاقت کے ساتھ‘ جاری رکھنے کا اعلان

مئی 17, 2021 < 1 min

اسرائیل کا فوجی آپریشن ’پوری طاقت کے ساتھ‘ جاری رکھنے کا اعلان

Reading Time: < 1 minute

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں غزہ کی صورتحال پر بحث کے بعد اسرائیل کے وزیراعظم بینامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف اسرائیل کا فوجی آپریشن ’پوری طاقت کے ساتھ‘ جاری رہے گا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’ہم امن کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں، اس میں وقت لگے گا۔‘
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حالیہ تشدد کو ’شدید جھنجھوڑ دینے والا‘ قرار دے کر کہا کہ لڑائی کو فوراً رکنا چاہیے۔
انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ مزید لڑائی خطے کو ’قابو میں نہ آنے والے بحران‘ میں ڈال سکتی ہے۔
ادھر غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق اتوار کو اسرائیلی فوج کے حملوں میں 16 خواتین اور 10 بچوں سمیت مزید 42 افراد ہلاک ہوئے۔
غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہونے والی اموات کی تعداد 192 جبکہ 1230 افراد زخمی ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ڈاکٹر ایمن ابو الاوف بھی شامل ہیں جو غزہ کے الشفا ہسپتال کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنل میڈیسن کے سربراہ تھے۔
دوسری جانب اتوار کو کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے خون ریزی کے خاتمے کی اپیل کی گئی.
ویٹیکن میں اتوار کو عبادت کے بعد بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’کیا ہم واقعی سمجھتے ہیں کہ ہم ایک دوسرے کو تباہ کر کے امن بحال کر سکتے ہیں؟‘
انھوں نے معصوم جانوں کے ضیاع کو ’خوفناک اور ناقابلِ قبول‘ اقدام قرار دیتے ہوئے ذمہ دار افراد سے ’اسلحے کا شور‘ ختم کرنے کی اپیل کی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے