جسٹس قاضی فائز کی تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے خلاف شکایت
Reading Time: 2 minutesپاکستان کی سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کراچی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ کے خلاف شکایت درج کرائی جس پر اُن کو گاڑی سمیت تھانے منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جسٹس قاضی فائز نے کہا ہے کہ انہوں نے کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا.
پولیس رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح جسٹس فائز عیسیٰ نے قومی اسمبلی کے گیٹ سے اندر جانے والے ویگو ڈالے کے خلاف شکایت درج کرائی کہ اس پر غیرقانونی نمبر پلیٹ لگی ہوئی ہے۔
پولیس اہلکار کے مطابق جسٹس قاضی فائز پیدل تھے اور انہوں نے قومی اسمبلی کے گیٹ پر موجود اہلکاروں کی تصاویر بھی بنائیں اور پولیس والوں کو حرام خور کہا۔
پولیس روزنامچے کے مطابق جسٹس فائز کی شکایت پر مذکورہ گاڑی اور رکن اسمبلی کو تھانے منتقل کیا گیا۔
پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ تنازع شروع کیسے ہوا۔
ادھر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا معاملے پرموقف سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا، حکم عدالت میں دیتا ہوں راہ چلتے نہیں.
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نےبتایا کہ وہ روزانہ پیدل سپریم کورٹ آتے ہیں، صبح پارلیمنٹ کے سامنے فٹ پاتھ پر مشکوک گاڑی سامنے آئی.
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بتایا کہ ان کو نہیں معلوم گاڑی میں کون تھا، صرف پولیس سے گاڑی سے متعلق پوچھا، گاڑی میں بیٹھے شخص نے سخت زبان استعمال کی اور گاڑی پارلیمنٹ میں لے گیا، پارلیمنٹ کے گیٹ پر موجود پولیس اہلکاروں کو گاڑی چیک کرنے کا کیا.
ان کا کہنا تھا کہ گاڑی نے پارلیمنٹ سے واپس آکر پھر میرا راستہ روکا.
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مطابق گاڑی میں موجود نامعلوم نے پھر برا بھلا کہا مگر میں خاموش رہا، غیر قانونی نمبر پلیٹ دیکھ کر پولیس کو صرف گاڑی چیک کرنے کا کہا.