بالآخر مراد سعید کا ریحام خان کو نوٹس، کن الزامات کےحوالے دیے؟
پاکستان کے وفاقی وزیر مراد سعید نے عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے کہا ہے کہ پروپیگنڈے اور بہتان تراشی پر وضاحت کریں اور معافی مانگیں۔
مراد سعید کے مطابق وہ پاکستان تحریک انصاف کی طلبہ تنظیم کے بانی صدر رہے اور پورے ملک میں انصاف یوتھ ونگ کو منظم کیا۔
نوٹس میں مراد سعید کی سیاسی خدمات گنواتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے ججز بحالی تحریک، ڈرون حملوں کے خلاف مہم، دہشت گردی کے خلاف اور دیگر تحریکوں اور عوامی ایشوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
نوٹس کے مطابق مراد سعید کو 2013 کے انتخابات میں اپنی سیاسی جدوجہد کی وجہ سے پارٹی ٹکٹ ملا اور ریکارڈ ووٹوں کے ساتھ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد مراد سعید نے پارلیمانی اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کیا اور ملک کی سیاست میں نام بنایا۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسی طرح 2018 کے انتخابات میں اپنی جماعت کے ٹکٹ پر دوبارہ عوام کا اعتماد ملا اور بڑی کامیابی حاصل کی۔
ریحام خان کو بھیجے گئے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر ۲۰۱۸ میں سٹیٹ منسٹر بنے اور حکومت کے وژن کے مطابق پہلے سو دن میں وزارت کے اہداف حاصل کر کے وفاقی وزیر بنے۔
نوٹس کے مندرجات کے مطابق مراد سعید نے سابقہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کامیاب انتخابی مہم میں اپنی جماعت کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے پارٹی کا پیغام بہترین انداز میں پہنچایا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں وزارتوں کو دئیے گئے اہداف کی تقریب منعقد ہوئ جس میں مراد سعید کی وزارت کو پہلا نمبر ملا ۸۸ دئیے گئے اہداف کو سو فیصد حاصل کر کے establishment division کے طے شدہ criteria کے مطابق وزارت مواصلات پہلے نمبر پر آیا۔
نوٹس میں ریحام خان سے کہا گیا ہے کہ گذشتہ دنوں آپ کے مسودے کا حوالہ دے کر وزارت مواصلات کی کارکردگی کو متنازع بنایا گیا جس سے درخواست کنندہ کی ہتک کے علاوہ وزارت سے منسلک اہلکاروں کی بھی حوصلہ شکنی ہوئی ۔
نوٹس کے مطابق مراد سعید کی تمام کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لیے آپ کی تحریر کا حوالہ دے کر بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے نام سے پہلے ایک مسودہ لیک ہو جس کی آج تک آپ نے تردید نہیں کی اور بعد میں شائع کردہ مسودہ کا حوالہ دے کر مراد سعید پر تہمت لگائی گئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ 14 دن کے اندر اپنی تحریر کی وضاحت کر کے معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کے لیے تیار ہو جائیں۔
نوٹس کے ساتھ مختلف ٹی وی پروگراموں، تقریروں اور سوشل میڈیا پوسٹس بھی منسلک کئے گئے ہیں اور ان کی بھی وضاحت مانگی گئی ہے ۔
مراد سعید نے ریحام خان سے کہا ہے کہ ان تمام بہتانوں میں آپکی تحریر کا نہ صرف حوالہ ہے بلکہ آپ اس کو ریٹویٹ بھی کرتی رہی ہیں۔
14 دن میں وضاحت اور معافی نہ مانگنے کی صورت میں عدالت سے سخت سزا اور ایک ارب ہرجانے کی استدعا کی جائے گی۔

