جاپانی رضاکار یوکرین میں روس کے خلاف لڑنے کے لیے تیار
جاپان میں سینکڑوں افراد نے یوکرین کی اپیل پر روس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
جاپان کے اخبار مینیچی شمبن کے مطابق کم از کم 70 رضاکاروں نے یوکرین جا کر لڑنے کے لیے رجسٹریشن کرا لی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ’ہم یوکرین کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے جب تک وہ اپنے دفاع کے لیے کھڑا ہے، کانگریس یوکرین کے عوام کے دفاع کے لیے مزید اسلحے اور امداد کی منظوری دے۔‘
بدھ کو اپنے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ پوتن کا یوکرین پر حملہ سوچا سمجھا اور بلااشتعال تھا۔ پوتن نے سفارتی کوششوں کو مسترد کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے روس کے جھوٹ کا مقابلہ سچ سے کیا۔ پوتن اب دنیا میں پہلے سے زیادہ تنہا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے جو کیا ہے دنیا انہیں ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔‘
بائیڈن کا کہنا کہ ’میں یہ بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ امریکہ اپنے نیٹو اتحادی ممالک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا۔ امریکہ اور اتحادی اپنی سرحدوں کی حفاظت پوری طاقت سے کریں گے۔‘
صدر بائیڈن نے کہا کہ ’آمر جب سبق نہیں سیکھتے تو وہ افراتفری پھیلاتے ہیں۔ ہم نے تاریخ سے یہی سبق سیکھا ہے۔ امریکہ یوکرینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔‘

