ذہنی مریض کی فائرنگ، ماں اور بیوی سمیت چار ہلاک
خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ کی تحصیل درگئی میں ایک ریٹائرڈ ایف سی اہلکار نے فائرنگ کر کے چار افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کی صبح 7 بجے ایف سی سے ریٹائرڈ فاتح علی خان نامی شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنی والدہ، بیوی، بھائی اور بھتیجی کو قتل کر دیا۔
مقتولین کے نام صبا گل زوجہ فاتح علی خان، نیک علی خان ولد معمبر، بختور جانہ زوجہ معمبر اور فاطمہ دختر نیک علی خان ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ سورانہ تحصیل درگی ضلع ملاکنڈ میں پیش آیا اور ملزم موقع سے فرار ہے جبکہ لاشیں درگئی ہسپتال منتقل کی گئیں۔
پولیس تفتیش کر رہی ہے جس کے مطابق بظاہر ملزم کا دماغی توازن درست معلوم نہیں ہوتا۔

