پاکستان

امپائر بظاہر نیوٹرل، عدم اعتماد دو دنوں میں: مولانا فضل الرحمان

مارچ 2, 2022

امپائر بظاہر نیوٹرل، عدم اعتماد دو دنوں میں: مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک ممومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہو گئے، عمران خان کی حکومت گرانے کے لیے دو دن میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔

اسلام آباد میں بدھ کی شام دفاعی امور کی رہورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کا ان کی جماعت سے کوئی رابطہ نہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے یا نہیں، ان کے علم میں نہیں۔

مولانا کے مطابق اڑتالیس گھنٹے بہت اہم ہیں جس میں ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ اجلاس بلا کر تحریک پیش کریں یا تحریک عدم اعتماد جمع کروا دیں“

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے کسی نے انفرادی پر رابطہ کیا تو ادارے نے اس کا نوٹس لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے۔ حکومت گرانے کے بعد نئی حکومت کے قیام سے متعلق ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ جب وہ مرحلہ آئے گا تو اس پر بھی فیصلہ کر لیا جائے گا،

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ اس وقت فوکس اس پر ہے کہ خزاں جائے، بہار آئے یا نہ آئے، اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد سے پہلے کسی داخلی تنازعے میں نہیں پڑنا چاہتیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہیں۔ انحصار انفرادی ووٹ اور شخصیات پر ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس تحریک کی کامیابی کے لیے نمبرز پورے ہیں، اور امپائر بظاہر نیوٹرل نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایمپائر سے کوئی سپورٹ نہیں لینی۔ ایمپائر سے حکومت کی سپورٹ ختم کرانا تھی۔ اب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر اعتماد کر رہی ہیں کیونکہ اب اپوزیشن جماعتوں کی ضرورت مشترکہ ہو گئی ہے۔

مولانا نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کی سو فیصد کامیابی کا یقین ہے۔ حکومتی اتحادیوں سے بھی اپوزیشن جماعتیں رابطے میں ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے