سائنس اور ٹیکنالوجی

دعا زہرہ کو گیم ایپ کے میسج سے ٹریپ کیے جانے کا الزام

اپریل 26, 2022 2 min

دعا زہرہ کو گیم ایپ کے میسج سے ٹریپ کیے جانے کا الزام

Reading Time: 2 minutes

کراچی سے لاپتہ ہو کر پنجاب میں شادی کے بعد منظرعام پر آنے والی کم عمر لڑکی دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کو گیم ایپ کے میسجنگ ٹول کے ذریعے ورغلا کر لاہور لے جایا گیا۔

انہوں نے یہ بات منگل کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں اُس وقت بتائی جب دعا زہرہ کی پولیس تحویل میں مرضی سے شادی کے بیان کی ویڈیو سامنے آئی۔

اس ویڈیو بیان میں دعا زہرہ نے بتایا کہ انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ وہ اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر گئیں۔

ویڈیو میں دعا زہرا نے بتایا کہ ’میں اپنی مرضی سے اپنے گھر سے آئی ہوں مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا تھا۔ اپنی مرضی سے ظہیر احمد سے شادی کی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرے گھر والے زبردستی میری شادی کسی اور سے کروانا چاہ رہے تھے۔ مجھے مارتے تھے جس پر میں راضی نہیں ہوئی۔‘

دعا زہرا نے یہ بھی بتایا کہ ان کے گھر والے ان کی عمر غلط بتا رہے ہیں۔ ’میں بالغ ہوں میری عمر 18 سال ہے۔ میں اپنے گھر سے کوئی قیمتی سامان نہیں لائی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی مرضی سے ظہیر احمد سے کورٹ میرج کی ہے۔ کسی کی کوئی زور زبردستی نہیں ہے۔ خدارا مجھے تنگ نہ کیا جائے۔‘

قبل ازیں لاہور پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’لاہور پولیس نے کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرا کو ٹریس کر لیا ہے۔ دعا زہرا اور ان کے شوہر ظہیر احمد ڈی پی او آفس اوکاڑہ موجود ہیں اور دونوں کو لاہور لایا جا رہا ہے۔‘

پولیس کے مطابق دعا زہرہ ضلع اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھا میں رہائش پذیر ہیں۔

دعا زہرا نے لاہور کی سیشن عدالت میں درخواست دائر کر کے موقف اپنایا ہے کہ ان کے والد زبردستی ان کی شادی کزن سے کرانا چاہتا تھے، اس لیے انہوں نے پسند کی شادی کی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے تاہم والد اور کزن مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔

درخواست میں عدالت سے تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے دعا زہرا کے والد اور کزن کو انہیں ہراساں کرنے سے روک دیا۔

خیال رہے کہ 16 اپریل کو کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی سے دعا زہرا اپنے گھر کے باہر سے لاپتہ ہو گئی تھیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے