عالمی خبریں

پاکستان کی حکومت چین سے قرضوں میں ریلیف مانگے: امریکہ

ستمبر 27, 2022 < 1 min

پاکستان کی حکومت چین سے قرضوں میں ریلیف مانگے: امریکہ

Reading Time: < 1 minute

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان سے چین کے قرضوں میں ریلیف مانگنے کے لیے کہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیلاب نے ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے اس کی وجہ سے پاکستان کو چینی قرضے ری شیڈول کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو واشنگٹن میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن نے کہا کہ ’ہم ایک واضح اور سادہ پیغام بھیجتے ہیں۔ ہم یہاں پاکستان کے ساتھ ہیں، جیسا کہ ہم ماضی کی قدرتی آفات کے دوران تھے۔‘

’میں نے اپنے ساتھیوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ چین کو قرضوں میں ریلیف اور تنظیم نو کے کچھ اہم معاملات میں شامل کریں تاکہ پاکستان سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے جلد نکل سکے۔‘

امریکی وزیر خارجہ نے فوڈ سکیورٹی کی مد میں پاکستان کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی امداد کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے انسانی امداد کی مد میں پاکستان کو پانچ کروڑ 60 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے اور امدادی سامان سے بھرے 17 طیارے بھیج دیے ہیں اور ساتھ ہی طویل المدتی بنیادوں پر مدد کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ چین پاکستان کا اہم معاشی اور سیاسی شراکت دار ہے جو پاکستان میں 54 ارب ڈالر کی ’اقتصادی راہداری‘ کی تعمیر کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

اس راہداری میں انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ بحر ہند تک چین کی رسائی بھی شامل ہے۔

تاہم پاکستان میں جاری چینی منصوبوں پر بلوچ علیحدگی پسند حملے کرتے رہتے ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے