بجلی بریک ڈاؤن کی وجہ پتا چلی نہ تمام پاور پلانٹس تاحال بحال ہوئے
پاکستان میں گزشتہ روز کے بریک ڈاؤن کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی تا حال مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی اور نہ ہی بریک ڈاؤن کی وجوہات کا پتہ لگ سکا۔
بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے 24 گھنٹے بعد بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی۔ کراچی کے بھی متعدد علاقے تا حال بجلی سے محروم ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تھرمل پاور پلانٹس 50 فیصد پر بجلی پیدا کررہے ہیں جبکہ تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے والے 10 یونٹس بند ہیں۔ ٹرانسمیشن لائنز کی مکمل بحالی کا کام جاری ہے۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جنوبی پاور سسٹم میں خرابی کی وجہ تلاش کی جارہی ہے اور بجلی کا نظام جلد ہی بحال کر دیا جائے گا۔

