پاکستان

عمران خان کے الیکشن کے مطالبے پر حکومتی اتحاد کا سخت جواب

اکتوبر 17, 2022

عمران خان کے الیکشن کے مطالبے پر حکومتی اتحاد کا سخت جواب

پاکستان میں حکومت کی اتحادی جماعتوں نے مشترکہ طور پر تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا الیکشن جلد کرانے کا مطالبہ دوٹوک طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کب ہونے ہیں، اس کا فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتیں کریں گی۔ کسی جتھے کو طاقت کی بنیاد پر فیصلہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے۔

پیر کی رات مشترکہ بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے خلاف بیان اور الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم قانون کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ کریں گے، فارن فنڈڈ فتنے کی دھونس، دھمکی اور ڈکٹیشن پر نہیں ہوگی۔

بیان کے مطابق آرمی چیف، حساس اداروں کی قیادت، افسران، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کو نشانہ بنانے کا مقصد ’بلیک میلنگ‘ ہے جو قطعا سیاسی رویہ نہیں بلکہ سازش کا حصہ ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آئین اور قانون میں واضح ہے کہ آرمی چیف سمیت دیگر عہدوں پر تقرری وزریراعظم کا دستوری اختیار ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اقتدار سے محروم شخص قومی اداروں کو ایک سوچے سمجھے ایجنڈے کے تحت نشانہ بنارہا ہے۔ پاک فوج کے شہداءکے خلاف غلیظ مہم، فوج میں بغاوت کے بیانات اور حوصلہ افزائی جیسے اقدامات ملک دشمنی کے مترادف ہیںجن سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹاجائے گا۔

غنڈہ گردی اور دھونس کی بنیاد پر آئین، جمہوریت اور نظام کو غلام نہیں بننے دیاجائے گا۔

بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ملک کی معیشت اور سیلاب متاثرین کی بحالی اس وقت اولین قومی ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ حکومت، اداروں اور عوام کا اتفاق ہے کہ سیاسی عدم استحکام پیداکرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ معیشت کو پٹڑی سے اتارنے اور وسائل کی متاثرین سیلاب تک رسائی کے عمل کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

بیان میں کہاگیا کہ 16 اکتوبر2022 کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد اتحادی حکومت کی قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد174 سے بڑھ کر 176 ہوگئی ہے جبکہ فتنے کے تکبر کی وجہ سے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 8 نشستیں کم ہوگئی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے