رکن قومی اسمبلی صالح محمد کی تصویر لیک کرنے پر دو پولیس اہلکار معطل
اسلام آباد پولیس کے سربراہ نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صالح محمد کی تصویر کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ سی آر او انچارج اور ملوث اہلکار کو تا حکمِ ثانی معطل کردیاہے۔
آئی جی اسلام آباد نے اس معاملے پر ایس ایس پی آپریشنز کو انکوائری کا حکم بھی دیا ہے۔
واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی صالح محمد کی پولیس تحویل میں ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں کھڑا کر کے گلے میں نام اور جرم کے مندرجات پر مشتمل گتے کی ایک تختی لٹکائی گئی تھی۔
تصویر کے وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور پی ٹی ایم کے رکن اسمبلی محسن ڈاور نے ٹویٹ کرتے ہوئے ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی غصے کا اظہار کیا تھا۔

