مسجد نبوی میں ہنگامہ آرائی کے جرم میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم
سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کا سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے لئے بڑا فیصلہ،مسجد نبوی(ص) میں ہنگامہ آرائی میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اپریل 2022 کے واقعے پر درگزر سے کام لینے اور گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد جناب محمد بن سلمان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی درخواست پر سعودی عرب میں اپریل 2022 کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ الّلہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں پر درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔
یاد رہے کہ مدینہ منورہ کی عدالت نے تین پاکستانیوں کو 8 سال اور تین کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال اور انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی.
ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی تین سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کیاگیا تھا

