پاکستان

شہباز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس بلا لی، عمران خان کو بھی دعوت

فروری 3, 2023 < 1 min

شہباز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس بلا لی، عمران خان کو بھی دعوت

Reading Time: < 1 minute

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اہم قومی امور پر سیاسی قیادت کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے 7 فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بُلا لی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کی رات کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’ملک کے تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔‘

’وزیراعظم نے اے پی سی میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔‘

اس حوالے سے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رابطے کیے ہیں۔

انہوں نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔

ایاز صادق نے وزیراعظم کی جانب سے جمعے کو پشاور میں ہونے والے ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی۔

وفاقی وزیر نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اپنی پارٹی کے نامزد کردہ دو نمائندوں کے نام دینے کی درخواست بھی کی۔

اعلامیے کے مطابق ’گورنر ہاؤس پشاور میں ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلٰی افسران شریک ہوں گے۔‘

اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے