ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس، شعیب شیخ کی گرفتاری پر عدالت نے کیا کہا؟
Reading Time: < 1 minuteایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیعب شیخ و دیگر مجرموں کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے اگلے جمعے تک حالیہ پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تو شعیب شیخ کے وکیل عابد زبیری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
وکیل سردار لطیف کھوسہ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ گزشتہ روز کراچی میں شعیب شیخ کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ہوا ہے جو آج سنانا ہے۔
وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ دن گیارہ بجے تک شعیب شیخ کو طلب کرے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے استثنی منظور نہیں کیا تھا اور وہ آپ کی عدالت پیشی کے لیے آ رہے تھے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ایک بار مجسٹریٹ کے سامنے پیشی ہو جائے پھر آرڈر کروں گا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے گرفتار نہیں کیا جس پر ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ اُن کی ایجنسی ایف آئی اے نے ہی گرفتار کیا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایف آئی اے راولپنڈی نے گرفتار کیا ہو گا مجھے نہیں پتا تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے، ایف آئی اے ہی ہے راولپنڈی ہو یا اسلام آباد۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی کر دی۔