اجازت نہ ملی، تحریک انصاف کی لاہور میں آج کی ریلی ملتوی
Reading Time: 2 minutesپی ٹی آئی نے لاہور میں ریلی ملتوی کر دی ہے.
اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں حماد اظہر نے کہا کہ ممکن ہے یہ ریلی کل منعقد کی جائے.
پاکستان میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف نے لاہور میں دوبارہ ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا جس کی قیادت پارٹی کے سربراہ عمران خان نےکرنا تھی جبکہ دوسری جانب پنجاب کی نگران حکومت نے اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا تھا۔
لاہور میں بدھ کو نکالی گئی ریلی کے دوران تحریک انصاف کے کارکن ظلِ شاہ کی ہلاکت پر تاحال تنازع برقرار ہے اور فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کو موردِالزام ٹھہرایا جا رہا ہے۔
سنیچر کو پہلے نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے آئی جی پنجاب عثمان انور کے ہمراہ نیوز کانفرنس کی اور پولیس کو ظلِ شاہ کی ہلاکت سے بری الذمہ قرار دیا۔
بعدازاں سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ردعمل میں مریم نواز کی آڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس تشدد کو اپنے کارکن کی ہلاکت کی وجہ قرار دیا۔
نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’ہمارے پاس رپورٹ آئی ہے کہ ظلِ شاہ تشدد سے نہیں مرا۔‘
ان کے مطابق ’مجھ پر پہلے سازش اور اب قتل کا الزام لگایا گیا، کسی پر قتل کا الزام لگانا اتنا آسان ہے؟‘
نگراں وزیراعلٰی کہتے ہیں کہ ’میں نہیں بولنا چاہتا لیکن مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ میں اس منصب پر نہ بیٹھا ہوتا تو کسی اور طریقے سے جواب دیتا۔ گھر چلا جاؤں گا لیکن کسی کے دباؤ میں نہیں آؤں گا۔‘
نگراں وزیراعلٰی پنجاب نے مزید بتایا کہ ’ڈرائیور کو گاڑی میں چھوڑ کر گاڑی کے مالک راجا شکیل یاسمین راشد کے ساتھ زمان پارک گئے۔ یاسمین راشد زمان پارک کے اندر گئیں اور باہر آ کر راجا شکیل کو کہا کہ بے فکر رہیں۔‘