پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت، 57 اہم رہنماؤں کی حمایت کا دعویٰ
پاکستان کے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو پشاور میں انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکانِ صوبائی اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔
پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ اور سابق ایم این اے شوکت علی نئی پارٹی کا حصہ ہیں۔
سابق ارکانِ اسمبلی نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی وجہ سے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا۔
پرویزخٹک نے کہا کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کی وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہو گیا ہے۔
ادھر پرویز خٹک کی نئی پارٹی کے قیام پر پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ردعمل ظاہر کیا کہ کسی کے جانے سے پی ٹی آئی کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ووٹ عمران خان کا ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق پرویز خٹک کا نئی پارٹی بنانا اپنی سیاست بچانے کی ناکام کوشش ہے۔