اہم خبریں متفرق خبریں

عمران خان کو سزا، بظاہر توشہ خانہ کیس کے فیصلے میں غلطیاں ہیں: چیف جسٹس

اگست 23, 2023 2 min

عمران خان کو سزا، بظاہر توشہ خانہ کیس کے فیصلے میں غلطیاں ہیں: چیف جسٹس

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کل جمعرات کو توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواست پر سماعت کر کے فیصلہ سنا دے گی۔

بدھ کو سپریم کورٹ کے تین رُکنی بینچ کے سامنے دلائل میں عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ہائیکورٹ اور ٹرائل کورٹ نے مذاق کیا۔

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کل ایک بجے تک ملتوی کر دی اور چیف جسٹس نے کہا کہ بادی النظر میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں غلطیاں ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ لیکن ہم آج مداخلت نہیں کریں گے، کل ہائیکورٹ میں ہونے والی سماعت کو دیکھیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ میں سماعت ہو جانے کے بعد ہم مقدمہ سنیں گے۔

عدالت نے سماعت کے اختتام پر دن بھر کی کارروائی کا خلاصہ لکھوایا کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق جس دن ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنائی اس وقت ان کی جانب سے کورٹ میں نمائندگی نہیں تھی۔

عدالتی آرڈر میں لکھا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ٹرائل کورٹ نے یکطرفہ فیصلہ سنایا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے فہرست میں شامل گواہان میں سے چار گواہوں کو غیر متعلقہ قرار دے دیا۔

عدالتی آرڈر میں لکھوایا گیا کہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائنز کو نظر انداز کیا گیا۔

عدالت کے مطابق سپریم کورٹ میں اٹھائے گئے سوالات حقدار ہیں کہ ہم ان کا جائزہ لیں، ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہائیکورٹ میں سزا معطلی میں اپیلیں کل سماعت کے لیے مقرر ہیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ بھیجی گئی درخواست کے طریقہ کار میں غلطیاں، اختیار سماعت اور شفاف ٹرائل سے متعلق سوالات ہائیکورٹ میں زیر بحث ہیں۔

درخواست گزار پانچ اگست سے جیل میں قید ہیں، امید ہے ہائیکورٹ کل فیصلہ کرے گی۔

سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے استدعا کی کہ کل دو رکنی بینچ نے سماعت کرنی ہے درخواست ہے پرسوں کیس کی سماعت کی جائے۔

عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں ڈویژن بینچ عام طور پر بارہ بجے تک آ جاتا ہے۔

چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ کوئی بات نہیں میں تو رات نو بجے تک سپریم کورٹ بیٹھتا ہوں، دیگر ججز تین سے چار بجے تک سپریم کورٹ میں موجود ہوتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کل دو بجے کیس پر سماعت کریں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے