کوہستان میں وائرل فیس بک جعلی تصاویر پر جرگہ، لڑکی قتل
Reading Time: < 1 minuteصوبہ خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ نے ضلع کوہستان میں ایک لڑکی کے غیرت کے نام پر قتل کا نوٹس لیا ہے۔
لڑکی کو اس کے والد اور چچا نے فیس بک پر وائرل تصاویر کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر کیا تھا۔
کوہستان کے تھانہ پالس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح تقریباً آٹھ بجے پیش آیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ’پولیس کو معلوم ہوا کہ لڑکی کی تین چار دن قبل کسی لڑکے کے ساتھ تصاویر فیس بک پر وائرل ہوئی تھیں۔‘
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق فیس بک پر وائرل تصاویر سے بنائی گئی ویڈیو جعلی ہے۔
پولیس کے مطابق’تصاویر میں دکھائی دینے والے لڑکے انتقامی کارروائیوں کے خوف سے روپوش ہو گئے ہیں۔‘ کوہستان کے ضلعی پولیس آفیسر(ڈی پی او) مختار خان کا کہنا ہے کہ ’پولیس نے مقتولہ کے والد کو گرفتار کر لیا ہے۔‘
ڈی پی او نے بتایا کہ ’تصاویر میں مبینہ طور پر مذکورہ لڑکی سمیت دو لڑکیوں کو مقامی لڑکوں کے ساتھ رقص کرتے دکھایا گیا ہے جو کہ جعلی ہیں۔‘
’دوسری لڑکی کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر اس کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔‘
پولیس کی تفتیش کے مطابق لڑکی کے خاندان کے افراد نے صلاح مشورہ کر کے قتل کیا جس میں والد ارسلا اور چچا محمد نواز نے گھر کے اندر ہی فائرنگ کی اور فرار ہوئے۔
پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ملزمان نے مذکورہ لڑکی کو غیرت کے نام پر ناحق قتل کیا ہے۔‘