عالمی خبریں

سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کا منصوبہ، امریکہ میں را کا ایجنٹ گرفتار

نومبر 30, 2023 2 min

سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کا منصوبہ، امریکہ میں را کا ایجنٹ گرفتار

Reading Time: 2 minutes

امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ اُس نے نیویارک میں مقیم ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کا منصوبہ بنانے کے الزام میں ایک انڈین شہری کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 52 برس کے انڈین شہری نکھل گپتا عرف ’نِک‘ کو 30 جون 2023 کو جمہوریہ چیک میں گرفتار کیا گیا اور بعد میں امریکہ منتقل کیا گیا۔

عدالتی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ نکھل گپتا نے سکھ علیحدگی پسند رہنما کو قتل کرنے کے لیے انڈین سرکاری اہلکار کی ہدایت پر ایک اُجرتی قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی۔

تاہم محکمہ انصاف نے ’انڈین سرکاری اہلکار‘ کا نام ظاہر نہیں کیا بلکہ اُن کی شناخت کے لیے ’سی سی ون‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’سی سی ون‘ نے نکھل گپتا سمیت دیگر افراد کے ساتھ مل کر ’انڈیا اور کسی دوسری جگہ‘ سے امریکی شہریت کے حامل ایک وکیل اور سیاسی کارکن کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

واضح رہے گذشتہ ہفتے برطانوی اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں نیویارک میں مقیم سکھ علیحدگی پسند رہنما گُرپتونت سنگھ کے امریکہ میں قتل کے منصوبے کو ناکام بنائے جانے کا ذکر کیا تھا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سِکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کا منصوبہ امریکی حکام کی مداخلت کے سبب ناکام ہوا۔

امریکہ کی جانب سے خدشات کا اظہار کیے جانے کے بعد انڈیا نے اس معاملے کے لیے ایک ’اعلیٰ سطح‘ کی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔

امریکہ محکمہ انصاف نے نکھل گپتا کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’گپتا ایک انڈین شہری ہیں جو کہ انڈیا میں ہی رہتے ہیں اور وہ سی سی ون (انڈین سرکاری اہلکار) کے ساتھی ہیں۔ انہوں نے سی سی ون سے کمیونیکیشن کے دوران اپنے بین الاقوامی ڈرگز اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا ذکر بھی کیا ہے۔‘

امریکی محکمہ انصاف کے بیان کے مطابق ’سی سی ون انڈین حکومتی ایجنسی کے ملازم ہیں جو اپنے اپنے آپ کو سییئر فیلڈ آفیسر کہتے ہیں اور اُنہیں سکیورٹی منیجمنٹ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، وہ انڈین سینٹرل ریزرو پولیس میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور لڑائی اور ہتھیاروں کی تربیت بھی حاصل کر چکے ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین سرکاری ملازم نے مئی 2023 میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کے لیے نکھل گُپتا کی خدمات حاصل کیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے