اہم خبریں

ترکیہ کے تفریحی مقام پر واقع ہوٹل میں آگ لگنے سے 66 ہلاک

جنوری 21, 2025 2 min

ترکیہ کے تفریحی مقام پر واقع ہوٹل میں آگ لگنے سے 66 ہلاک

Reading Time: 2 minutes

شمال مغربی ترکیہ کے سکی ریزورٹ میں واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی سے 66 افراد ہلاک جبکہ 51 زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں مقیم افراد نے رسیوں اور بیڈ شیٹس کے ذریعے کھڑکیوں سے باہر نکلنے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ کھڑکیوں سے چھلانگ لگانے اور باہر نکلنے کی کوشش میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کرتالکیہ کا دورہ کرنے کے بعد رپورٹرز کو بتایا کہ ’ہمیں اس واقعے سے شدید صدمہ پہنچا ہے، آگ لگنے سے 66 شہریوں کی جان چلی گئی ہے جبکہ 51 زخمی ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’12 منزلہ گرینڈ کارٹل ہوٹل میں آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 27 منٹ پر لگی۔‘

وزیر داخلہ نے بتایا کہ ’سکولوں کی دو ہفتوں کی تعطیلات کے دوران اس ہوٹل میں 238 مہمان ٹھہرے ہوئے تھے۔‘
ترکیہ کے نجی ٹی وی ’این ٹی وی‘ کے مطابق ہوٹل کی کھڑکی سے چھلانگ لگانے والے تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔‘

اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آگ ریسٹورنٹ میں لگی اور تیزی سے پھیلی، اگرچہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ کا علم نہیں ہو سکا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر رجب طیب اردوغان نے حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی کانگرس سے اپنے خطاب کو مختصر کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا دکھ بہت بڑا ہے، ہمارے دل کا درد بہت بڑا ہے۔‘

صدر نے مزید کہا کہ ’آگ لگنے کے واقعے کی انتظامی اور عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔‘

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے گا۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے