سابق خاتون صحافی کی تین رپورٹرز کے خلاف سائبر کرائم کی شکایت
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد میں ثمن گُل نامی ایک سابق خاتون صحافی نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو شکایت درج کرائی ہے کہ شہر کے تین رپورٹرز نے اُن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گفتگو کر کے شہرت کو نقصان پہنچایا۔
پیر کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو درخواست میں خاتون صحافی نے مؤقف اختیار کیا کہ رپورٹر یاسر ملک نے فیس بُک پر ایک پوسٹ میں نجی ٹی وی چینل کے بیورو چیف کی صحافی سے مبینہ زیادتی کی پوسٹ کی۔
شکایت میں ایف آئی اے کو بتایا گیا ہے کہ یاسر ملک نے اُن کا نام نہیں لکھا مگر رپورٹر ذیشان بھٹی اور رپورٹر اویس کیانی نے واٹس ایپ گروپس میں نام لیا اور تصویر بھی شیئر کی۔
ثمن گُل نے ایف آئی اے کو شکایت میں دعویٰ کیا ہے کہ خواتین صحافیوں کی عزتیں اُچھالنے کے لیے بعض صحافیوں نے واٹس ایپ گروپ بنا رکھے ہیں۔
شکایت کنندہ خاتون صحافی نے دو رپورٹرز پر الزام لگایا ہے کہ وہ فیلڈ میں اُن کو دوستی کرنے کے لیے کہتے تھے اور اب بدلہ لے رہے ہیں۔
ثمن گُل کے الزامات پر صحافیوں کا ردعمل ابھی تک سامنے نہیں آ سکا، اس حوالے سے اُن کے جواب کو بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔